چهارشنبه، بهمن ۲۸، ۱۳۸۸

شمالی وزیرستان میں ڈرون حملہ، دو ہلاک


پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں حکام کا کہنا ہے کہ امریکی جاسوس طیارے سے شدت پسندوں کی ایک پناہ گاہ پر حملے میں کم سے کم دو افراد ہلاک جبکہ تین زخمی ہوگئے ہیں۔
پولیٹکل انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ واقعہ بدھ کی صبح شمالی وزیرستان کے صدر مقام میرانشاہ سے تقریباً پانچ کلومیٹر دور ٹول خیل کے علاقے تپی میں پیش آیا۔
انہوں نے ایک امریکی جاسوس طیارے سے مقامی شدت پسندوں کے ایک پناہ گاہ کو نشانہ بنایا گیا جس میں کم سے کم دو افراد ہلاک جبکہ تین زخمی ہوئے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے شدت پسندوں کا تعلق حافظ گل بہادر گروپ کے مقامی طالبان سے بتایا جارہا ہے۔
ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ مارے جانے والے شدت پسندوں میں کوئی غیر ملکی شامل ہے یا نہیں۔
شمالی اور جنوبی وزیرستان میں نئے سال کو شروع ہوئے پچاس سے زائد ڈرون حملے ہوچکے ہیں جن میں ایک اندازے کے مطابق سو سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
مہمند: بم حملے میں ایک اہلکار ہلاک

مہمند ایجنسی میں گزشتہ چند ماہ سے سکیورٹی فورسز، سرکاری عمارتوں اور امن کمیٹی کے اراکین پر حملوں میں شدت آئی ہے
دوسری جانب قبائلی علاقے مہمند ایجنسی میں حکام کا کہنا ہے کہ خاصہ دار فورس پر ہونے والے ایک ریموٹ کنٹرول بم حملے میں ایک اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہوگئے ہیں۔
مہمند ایجنسی کے ایک پولیٹکل اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ بدھ کی صبح خاصہ دار فورس نے سب ڈویژن بائیزی کے علاقے خوئیزی مومد کورونہ میں ناکہ بندی کررکھی تھی کہ اس دوران وہاں سڑک پر پہلے سے نصب ریموٹ کنٹرول بم پھٹنے سے چار اہلکار زخمی ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ا ہلکار نے بعدازاں ہپستال میں زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ دیا۔ ابھی تک کسی تنظیم نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
یہ حملے ایسے وقت ہورہے ہیں جب مہمند ایجنسی میں پچھلے چند ماہ سے طالبان کے خلاف جاری سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں شدت آئی ہے۔
خیال رہے کہ مہمند ایجنسی میں گزشتہ چند ہفتوں سے سکیورٹی اہلکاروں، حکومتی حامی امن کمیٹیوں اور سرکاری سکولوں پر حملوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ اس سے پہلے اس قسم کے واقعات میں متعدد افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اس کے علاوہ ایجنسی میں متعدد سرکاری سکولوں اور بنیادی صحت کے مراکز کو بھی دھماکوں میں نشانہ بنایا جا چکا ہے۔

بی بی سی اردو

هیچ نظری موجود نیست:

ارسال یک نظر