سه‌شنبه، شهریور ۰۲، ۱۳۸۹

پیغمبر اسلام سے متعلق ویب سائٹ کے 2 سال میں 7 کروڑ زائرین


پیغمبراسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات وتعلیمات کے لیے وقف ویب سائٹ کے اجراء کے دوسال بعد ہی اس کے قارئین وزائرین کی تعدادسات کروڑ تک پہنچ گئی ہے

اوراسے کویت میں منعقدہ ایک مقابلے میں عرب دنیا کی بہترین سائٹ قراردیا گیا ہے۔

یہ بات اس سائٹ کے مینجر محمد عاشور نے العربیہ سے ایک انٹرویو میں بتائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ''رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم'' (پرافٹ آف گاڈ) کے عنوان سے ویب سائٹ کا دوسال قبل 2008ء میں آغاز کیا گیا تھا۔تب ایک ڈینش اخبار میں توہین آمیزکارٹون چھپنے کے بعد مسلم دنیا میں اشتعال کی ایک لہر دوڑ گئی تھی اور اس ناپاک جسارت پرمسلمان شدیدغم وغصے کا شکار تھے۔

عاشور نے بتایا کہ ''ہم توہین آمیز خاکوں کا جواب دینا چاہتے تھے اور ہم اس بات کو بھی یقینی بنانا چاہتے تھے کہ ویب سائٹ ایک خاص واقعے کے عارضی ردعمل میں منظرعام پر آنے کے کچھ عرصہ بعد بندنہ ہوجائے،لیکن اس کے بعد سے ہماراکام جاری ہے اور ویب سائٹ کے زائرین کی تعدادسات کروڑ تک پہنچ چکی ہے''۔

اس ویب سائٹ کا لوگو'' اورہم نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ذکرکوبلندکردیا'' ہے۔

اس میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات اورتعلیمات سے متعلق دنیا کی بارہ زبانوں میں مصدقہ مواد پیش کیا جارہا ہے۔

جناب عاشور کا کہنا تھا کہ ''اس وقت ہم سائٹ کے ترکی زبان میں ورژن پر کام کررہے ہیں اور بہت جلد پیشہ ور مترجمین کی خدمات حاصل ہونے کی صورت میں فارسی اور جاپانی زبانوں میں بھی سائٹ کا اجراء کردیا جائے گا''۔

انہوں نے بتایا کہ ویب سائٹ کو کویت میں منعقدہ ''شیخ سالم الصباح انفارمیشن ٹیکنالوجی مقابلہ''میں عرب دنیا کی بہترین ٹیکنیکل سائٹ قراردیا گیا ہے۔

عاشور نے بتایا کہ ویب سائٹ کے لیے تمام کارکنان رضاکارانہ طورپر کام کررہے ہیں اور ان کی تعدادمیں گذشتہ دوسال سے مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب ہم نے ویب سائٹ شروع کرنے کا اعلان کیا تو لاتعدادلوگوں نے رضاکارانہ طورپر اپنی خدمات پیش کی تھیں۔

اب ان کی تعدادتیس ہزار کے لگ بھگ پہنچ چکی ہے۔

جب ان سے ویب سائٹ کی فنڈنگ کے بارے میں پوچھا گیا توانہوں نے بتایا کہ سائٹ کوچلانے کے لیے رقوم بنیادی طورپر مارکیٹنگ اورعطیات سے حاصل ہوتی ہیں جبکہ اس کے زیادہ تراخراجات مواد کے مختلف زبانوں میں تراجم پرآتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ''سائٹ متعددزبانوں میں ہونے کی وجہ سے ہم اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ تراجم بہترین پیشہ ورمترجم حضرات یا کمپنیاں کریں اور ہم اس کام پربہت زیادہ رقوم خرچ کرتے ہیں''۔

هیچ نظری موجود نیست:

ارسال یک نظر