یکشنبه، آذر ۰۷، ۱۳۸۹

کراچی میں کارگو طیارہ کریش کرگیا


پاکستانی حکام کے مطابق اس طیارے پر کل آٹھ افراد سوار تھے جبکہ حادثے کے نتیجے میں ان میں سے کوئی شخص زندہ نہیں بچا۔ پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ اتوار کی صبح تباہ ہونے والا یہ طیارہ روسی ساختہ کارگو Ilyushin IL-76 تھا۔
مقامی حکام کے مطابق طیارہ ایئرپورٹ سے پرواز کرتے ہی، آگ کے گولے میں بدل گیا اور ڈالمیا کے رہائشی علاقے کے قریب گر کر تباہ ہوگیا۔ اس علاقے میں پاکستانی فضائیہ اور نیوی کے رہائشی اپارٹمنٹس ہیں، جبکہ اس علاقے میں متعدد دیگر حساس تنصیبات بھی ہیں۔ حکام کے مطابق یہ طیارہ ایک زیرتعمیر عمارت پر گرا، جس کی وجہ سے زیادہ ہلاکتیں نہیں ہوئیں تاہم کراچی پولیس کے مطابق اس حادثے میں تین افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق تباہ ہونا والا طیارہ کراچی ایئر پورٹ سے اتوار کی صبح ایک بجکر 45 منٹ پر اڑا جبکہ صرف 30 سیکنڈ بعد گر کر تباہ ہو گیا۔
اتوار کو جہاز کا یہ حادثہ گزشتہ چار ماہ میں پاکستان میں ہونے والا چوتھا فضائی حادثہ ہے، جبکہ صرف ایک ماہ میں کراچی ایئرپورٹ سے پرواز کرنے والے جہاز کا یہ دوسرا حادثہ ہے۔
کراچی پولیس کے سربراہ فیاض لغاری کے مطابق طیارے کے گرنے کے نتیجے میں ہونے والا دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ مقامی افراد اسے بم دھماکہ سمجھے۔ لغاری کے مطابق جہاز کے گرنے کی وجہ سے ایک عمارت میں آگ لگ گئی، جس پر بعد میں قابو پا لیا گیا۔
واضح رہے کہ یہ طیارہ تقریبا اسی علاقے میں گرا ہے، جہاں رواں ماہ کے آغاز پر ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہوا تھا۔ اُس حادثے میں 21 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
اس سے قبل رواں برس جولائی میں کراچی سے اسلام آباد جانے والا ایک مسافر طیارہ لینڈنگ سے چند منٹ قبل مارگلہ کی پہاڑیوں میں گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ اُس حادثے کے نتیجے میں 152 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔

هیچ نظری موجود نیست:

ارسال یک نظر